Mar ۱۸, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۲ Asia/Tehran
  • کراچی پولیس کا ایک ارب ڈالر کی منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ

پاکستان کے شہر کراچی کی پولیس نے ایک گودام پر چھاپہ مار کر ایک ارب ڈالر سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق ہیروئن اور ڈرگس کیمیکل سمیت پانچ ٹن سے زائد منشیات قبضے میں لی گئیں ہیں جسے کسی اور مقام پر منتقل کیا جانا تھا۔ منشیات کا یہ بڑا اسٹاک کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سے برآمد کیا گیا۔

کراچی کے غربی زون کے ڈی آئی جی پی ناصر آفتاب نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ سرجانی پولیس کی ٹیم نے ناردرن بائی پاس پر ایک کار روکی جس میں سے سولہ کلو منشیات برآمد کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کرکے تفتیش کیلئے تھانے منتقل کیا۔

ڈی آئی جی پی نے دعویٰ کیا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے پولیس کو بتایا کہ وہ سرجانی ٹاؤن میں واقع ایک گھر میں منشیات اُتارنے جارہا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے سرجانی ٹاؤن میں ایک گھر پر چھاپہ مارا اور بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی۔ ناصر آفتاب نے دعویٰ کیا کہ برآمد شدہ منشیات کا وزن ساڑھے پانچ ٹن ہے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اس کی قیمت ایک ارب ڈالر بنتی ہے۔ برآمد شدہ منشیات میں چرس، ہیروئن اور افیون یا افیم شامل ہیں۔

 

ٹیگس