Mar ۲۳, ۲۰۲۲ ۲۲:۳۲ Asia/Tehran
  • پاکستان میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ٹھن گئی

پاکستان میں ایک طرف اپوزیشن نے یوم پاکستان پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے تو دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان نے ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان میں متحدہ اپوزیشن نے حکومت کے خلاف اپنا مشترکہ چارٹر جاری کر دیا ہے۔ اس چارٹر میں ایسا پاکستان تشکیل دینے کا دعویٰ کیا گیا ہے جس میں آئین کی حرمت کو تقدم حاصل ہو، عدلیہ آزاد ہو، میڈیا کو آزادی اظہار رائے کا حق اور تحفظ حاصل ہو اور سبھی انتظامی ادارے منتخب انتظامیہ اور پارلیمنٹ کے تابع ہوں۔

اپوزیشن کے مشترکہ چارٹر میں، ملک کو موجودہ بحران سے نجات دلانے کے لئے تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بناکے موجودہ وفاقی حکومت کو رخصت کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔

دوسری طرف اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت میں عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کے دباؤ پر استعفا ہرگز نہیں دیں گے اور تحریک عدم اعتماد کا میچ وہی جیتیں گے ۔

اس سے پہلے حکومتی کمیٹی کے اجلاس میں عمران خان نے اعلان کیا کہ وہ کسی بھی صورت میں استعفا نہیں دیں گے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ووٹنگ سے ایک دن پہلے وہ اپوزیشن کو سرپرائز دیں گے۔

ٹیگس