Mar ۳۱, ۲۰۲۲ ۰۹:۲۲ Asia/Tehran
  • پاکستان قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج، عدم اعتماد کی قرارداد پر ہوگی گفتگو

تین روز کے وقفے کے بعد پاکستان کی قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام چار بجے ہوگا جس میں وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد پر بحث کی جائے گی۔

پاکستان کی حزب اختلاف کی جماعتوں نے ستائیس مارچ کو وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی قرار داد پیش کی تھی۔ عدم اعتماد کی قرارداد میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں، وہ اب وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائِز نہیں رہ سکتے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے متحدہ اپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی پارٹیوں کا مشترکہ اجلاس آج تین بجے بلا لیا ہے۔ پاکستان کے حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ اسے پارلیمنٹ کے ایک سو نوے ارکان کی حمایت حاصل ہوگئی ہے۔تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے ایک سو بہتر ارکان پارلیمان کے ووٹ درکار ہیں۔

گزشتہ روز حکومت کی اہم ترین اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے باضابطہ طور سے حزب اختلاف کی حمایت کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد کہا جارہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت اکثریت سے محروم ہوگئی ہے۔

اس درمیان اطلاعات ہیں پاکستان کی عسکری قیادت نے بدھ کے روز دو بار پاکستانی وزیراعظم سے ملاقات کی ہے جسے انتہائی اہم تصور کیا جارہا ہے۔ میڈیا میں گردش کرنے والی بعض رپورٹوں میں دعوی کیا جا رہا ہے کہ بعض قوتوں کی جانب سے کوئي درمیانی راستہ تلاش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو حکومت اور حزب اختلاف دونوں کے لیے قابل قبول ہو۔

ٹیگس