پاکستان میں قومی اسمبلی کا اجلاس اتوار تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا
پاکستان میں قومی اسمبلی کا اجلاس تحریک عدم اعتماد پر بحث کے بغیر ہی اتوار تک کے لئے ملتوی کردیا گیا۔
اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی قومی اسمبلی کا اجلاس چند منٹ تک جاری رہنے کے بعد ہی اتوار تین اپریل تک کے لئے ملتوی کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق تحریک عدم اعتماد پر قومی اسمبلی کا اجلاس تقریبا سوا گھنٹے کی تاخیر سے، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی صدارت میں شروع ہوا۔ وقفہ سوالات کے دوران اراکین نے تحریک عدم اعتماد پر بحث شروع کرانے کا مطالبہ کیا لیکن ڈپٹی اسپیکر نے یہ الزام لگاتے ہوئے کہ وقفہ سوالات میں کوئی سنجیدہ نہیں ہے، اجلاس اتوار تک کے لئے ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔
اجلاس ملتوی کئے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے حزب اختلاف کے رہنماؤں نے اپنی نشستوں پر دھرنا دے دیا جن میں شہباز شریف، آصف زرداری اور بلاول بھٹو سمیت ڈیڑھ سو ارکان شامل تھے۔
دوسری طرف وفاقی وزیر فواد چودھری نے سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کے دوران دعوی کیا ہے کہ عمران خان کو اقتدار سے ہٹانے کی بقول ان کے غیر ملکی سازش میں حزب اختلاف کے سیاستدانوں کے علاوہ بعض صحافی بھی شریک ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان آخری گیند تک لڑیں گے اور پارٹی کے اراکین ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
فواد چودھری نے اسی کے ساتھ اعلان کیا کہ عمران خان آج رات قوم سے خطاب کریں گے۔ ادھر اپوزیشن نے دعوی کیا ہے کہ عمران خان نے محفوظ راستہ مانگ لیا ہے لیکن ان پر واضح کردیا گیا ہے کہ مزید رسوائی سے بچنے کا واحد راستہ استعفی ہے۔