Apr ۰۱, ۲۰۲۲ ۰۹:۵۰ Asia/Tehran
  • دھمکی آمیز خط پر امریکی سفارتکار پاکستانی دفتر خارجہ میں طلب

حکومت پاکستان نے سینئر امریکی سفارتکار کو وزارت خارجہ طلب کر کے اندرونی معاملات میں مداخلت پر شدید احتجاج کیا ہے۔

پاکستان نے امریکی حکام کی جانب سے استعمال زبان اور اندرونی معاملات میں مداخلت پر شدید احتجاج کیا اور وزارت خارجہ کے حکام نے امریکی سفارتکار کو احتجاجی مراسلہ تھمایا۔

وزارت خارجہ کے حکام نے امریکی سفارتکار کو بتایا کہ پاکستان کے داخلی امور میں مداخلت ناقابل قبول ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی سفارتکار کو احتجاجی مراسلہ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں دیا گیا اور احتجاجی مراسلہ سفارتی چینلز کے ذریعے دیا گیا ہے۔

گذشتہ روز پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا 37 واں اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں دفاع، توانائی، اطلاعات و نشریات، داخلہ، خزانہ، انسانی حقوق، منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے وفاقی وزراء، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، آرمی چیف سمیت سروسز چیفس، قومی سلامتی کے مشیر اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں قومی سلامتی مشیر نے کمیٹی کو خط پر بریفنگ دی تھی۔ کمیٹی نے خط پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستان کے اندورنی معاملات میں مداخلت کو ناقابل برداشت قرار دیا، حکومت نے خط کا بھرپور جواب دینے کا بھی فیصلہ کیا تھا جس پر عملدرآمد کیا گیا۔

 

 

ٹیگس