Apr ۰۸, ۲۰۲۲ ۱۵:۰۳ Asia/Tehran
  • پاکستان کی قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح ساڑھے 10 بجے طلب

قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح ساڑھے 10 بجے طلب کرلیا گیا، اور اس کا 6 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کردیا گیا۔

قومی اسمبلی اجلاس کی طلبی کے حوالے سے سپیریم کورٹ کے فیصلے کی مصدقہ کاپی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول ہوگئی ہے، جب کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو بھی عدالتی فیصلہ بھجوایا گیا، جس میں سپریم کورٹ نے اسپیکر کو اجلاس کل صبح طلب کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا ہے، اجلاس 9 اپریل بروز ہفتہ صبح ساڑھے 10 بجے ہوگا، قومی اسمبلی کے 6 نکاتی ایجنڈے میں تحریک عدم اعتماد کی قرارداد چوتھے نمبر پر ہے۔ 6 نکاتی ایجنڈے میں وقفہ سوالات اور دو توجہ دلاؤ نوٹس بھی شامل ہیں جب کہ  نکتہ اعتراض کو بھی ایجنڈا میں شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آئندہ کی حکمتِ عملی طے کر لی گئی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں پرویز خٹک، اسد عمر، فواد چوہدری، شیخ رشید، حماد اظہر، فرخ حبیب، شوکت ترین اور بابر اعوان شریک ہوئے۔

اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں آئندہ کی حکمتِ عملی سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا جبکہ وزیرِ اعظم عمران خان کی عوامی مہم سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں قومی اسمبلی کے اجلاس سے متعلق مختلف امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کو بحال کر دیا، تمام وزیر اپنے عہدوں پر بحال ہو گئے۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے پانچ صفر سے متفقہ فیصلہ سنا دیا۔

سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر کی 3 اپریل کی رولنگ آئین کے خلاف قرار دے کر کالعدم کر دی، وزیرِ اعظم عمران خان کی اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس بھی مسترد کر دی ۔

 

ٹیگس