عمران خان کی حمایت میں ملک گیر مظاہرے، بیرون ملک بھی مظاہروں کی خبریں
پاکستان تحریک انصاف نے ملک کے کئی شہروں میں ریلیاں نکالیں اور سابق وزیراعظم اور پارٹی چیئرمین عمران خان کے خلاف گزشتہ رات کامیاب تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں ان کو عہدے سے ہٹائے جانے کے خلاف احتجاج کیا۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے اتوار کو ٹوئٹ کیا تھا کہ آج ایک 'آزادی کی جدوجہد' کے آغاز کا دن ہے اس غلامی سے آزادی کا دن ہے جسے انہوں نے 'حکومت کی تبدیلی کی غیر ملکی سازش قرار دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں عمران خان نے اپنے حامیوں کو متحرک کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'ہمیشہ عوام ہی اپنی خودمختاری اور جمہوریت کی حفاظت کرتے ہیں'۔
پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے بھی گزشتہ روز اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے لوگوں سے عشاء کی نماز کے بعد احتجاج کرنے کی اپیل کی تھی۔
دارالحکومت میں احتجاج زیرو پوائنٹ سے شروع ہوا، پی ٹی آئی کے حامی جمع ہوئے اور جھنڈے لہراتے ہوئے سابق وزیراعظم کے حق میں نعرے لگائے۔
پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے مظاہروں کی وڈیوز شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اصل محافظ پاکستان کے عوام ہیں۔
فواد چوہدری نے پی ٹی آئی کے حامیوں کا راولپنڈی میں احتجاج کے لیے نکلنے پر شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بھی راولپنڈی کی لال حویلی میں ایک جلسے سے خطاب کیا اور مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے خاص طور پر وزارت عظمیٰ کے امیدوار شہباز شریف کو نشانہ بنایا اور الزام لگایا کہ وہ منی لانڈرنگ ریفرنس میں فرد جرم سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر نے اپنے حلقہ این اے 126 سے لبرٹی چوک کی جانب نکلنے والی ایک ریلی کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ کی۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز چوہدری نے شہر کے حلقہ این اے 133 سے لبرٹی مارکیٹ تک نکالی جانے والی ریلی کی ویڈیو بھی شیئر کی جس میں امریکا کے خلاف لگائے جانے والے نعرے سنے بھی جاسکتے ہیں۔
ادھر سب سے بڑے شہر کراچی میں بھی پی ٹی آئی کے حامیوں اور ورکرز نے عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے اور ملک دشمن قوتوں کو بھرپور جواب دینے کے لیے مظاہرہ کیا۔
خواتین اور بچوں سمیت مظاہرین کی بڑی تعداد پشاور پریس کلب پر پہنچی اور سبکدوش وزیراعظم کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں خیبر پختونخواہ کے دیگر حصوں جیسے باجوڑ اور ایبٹ آباد میں بھی مظاہرے ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ادھر بیرون ملک میں بھی پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے عمران خان کی حمایت میں مظاہرہ کیا گیا، پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی حیدر زیدی کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں دبئی میں موجود مظاہرین کو "ڈیزل" کے نعرے لگاتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب برطانیہ میں موجود ڈان کی رپورٹر عتیقہ رحمان اطلاع دی کہ پی ٹی آئی کے حامی اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے لندن میں ہائیڈ پارک میں جمع ہوئے، مطاہرین کا کہنا تھا کہ وہ اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے امریکی ایمبیسی تک مارچ کریں گے۔