Apr ۱۰, ۲۰۲۲ ۲۳:۵۹ Asia/Tehran
  •  شاہ محمود قریشی کا بیان، قومی اسمبلی سے استعفوں کا حتمی فیصلہ تاحال نہیں ہوا

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سابق وزیراطلاعات فواد چوہدری کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اسمبلی سے استعفوں کے حوالے سے تاحال حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

انہوں نے نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز سے انٹرویو میں کہا کہ عمران خان کی زیر صدارت آج پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں شہباز شریف کے خلاف وزیراعظم کے امیدوار کے لیے انہیں نامزد کرنے کے علاوہ اس صورت حال میں پارٹی کو قومی اسمبلی میں ہونا چاہیے یا نہیں، اس موضوع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ استعفوں کے معاملے پر تبادلہ خیال ہوا لیکن حتمی فیصلہ نہیں ہوا اور سابق وزیراعظم نے جماعت کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پیر کے روز 12 بجے طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے رہنے والے اپنی رائے دیں گے اور ملاقات کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

قبل ازیں پاکستان کے سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ہم استعفیٰ دینے کا آغاز قومی اسمبلی سے کر رہے ہیں، اگر شہباز شریف کے کاغذات پر ہمارے اعتراضات منظور نہیں ہوتے تو کل ہم استعفیٰ دے دیں گے۔

ٹیگس