نیب کے عہدیداروں کے احتساب کا مطالبہ
پا کستان مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی نے قومی احتساب بیورو نیب کے چیئرمین سمیت سبھی اراکین کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی اور سابق اسپیکر سردار ایاز صادق نے اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں نیب پر پی ٹی آئی حکومت کے دور میں بد عنوانیوں میں ملوث ہونے کا سنگین الزام لگایا۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے حکومت کی غلط کاریوں سے چشم پوشی کی اور حکومت کے مخالفین کو نشانہ بنایا۔
پاکستان کے سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ نیب کے چیئرمین سمیت تمام عہدیداروں کی بقول ان کے عالی شان طرز زندگی کی تحقیقات کرائی جائیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب سمیت اس ادارے کے سبھی عہدیداروں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالے جائیں ۔
یاد رہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی بدھ کو اسی قسم کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے، نومنتخب حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ قومی احتساب بیورو کو تحلیل کرکے اس کے عہدیداروں کا احتساب کیا جائے۔