Apr ۲۱, ۲۰۲۲ ۲۲:۴۸ Asia/Tehran
  • مجھ سے بہتر امریکیوں کو کون جانتا ہے : عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان  نے کہا کہ میں لائحہ عمل دوں گا اور اس حکومت کو کبھی قبول نہیں کروں گا۔

انہوں نے لاہور میں جلسے میں لوگوں کی بڑی تعداد میں آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کبھی اتنے بڑے جلسے سے خطاب نہیں کیا۔ سابق وزیراعظم عمران نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کا جتنا بھی شکریہ ادا کروں کم ہے، مجھے پتہ تھا کہ آپ مجھے مایوس نہیں کریں گے، میں نے کبھی اتنے بڑے جلسے سے خطاب نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نہ غلامی قبول کریں گے اور نہ یہ امپورٹڈ حکومت قبول کریں گے، جب باہر سے سلیکٹ ہو کر لوگوں پر مسلط کی جاتی ہے تو وہ سلیکٹڈ حکومت ہوتی ہے، جو پیسہ لگا کر ضمیر خرید کر، سامراج کے جوتے پولش کرکے ہمارے اوپر مسلط کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں لائحہ عمل دوں گا اور اس حکومت کو کبھی قبول نہیں کروں گا، اس کرپٹ حکومت کو قبول نہیں کروں گا۔

عمران خان نے کہا کہ باہر سے حکم آیا روس کیوں گئے، اس لیے گیا کہ پاکستان میں گیس ختم ہوگئی ہے، گیس کا معاہدہ کرنا تھا، روس ہمیں تیل 30 فیصد کم قیمت پر دے رہا تھا، اس کا مطلب پیٹرول اور ڈیزل 30 فیصد کم پر خرید سکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ہمیں 20 لاکھ ٹن گندم روس سے درآمد کرنی تھی اور وہ بھی 30 فیصد کم قیمت پر دے رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان، امریکا کا قریبی اسٹریٹجک اتحادی ہے اور روس سے تیل منگوا رہا ہے تو اس کو امریکا نے کہا کہ تیل نہ خریدو تو اس نے امریکا کو سیدھا جواب دیا کہ ہم اپنے لوگوں کے مفادات کے لیے فیصلے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی ان کے لوگوں کے مفادات کے لیے ہے اور ہماری خارجہ پالیسی کسی اور قوم کے مفادات کے لیے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ برصغیر میں سب سے کم بے روزگاری پاکستان میں تھی اور ہم نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں 400 ڈرون حملے ہوئے، ان کے منہ سے ایک لفظ نہیں نکلا لیکن میں باہر نکلا اور مذمت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھ سے بہتر پاکستان کی سیاست میں امریکیوں کو کوئی نہیں جانتا ہے۔

ٹیگس