چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی نے کنفرم کردیا کہ امریکی مراسلہ اصلی ہے۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں دعوی کیا ہے کہ قومی سلامتی کے اجلاس میں بقول ان کے واضح ہوگیا کہ مداخلت اور سازش کی گئی جو ثابت ہوگئی۔
عمران خان نے یہ دعوی ایسی حالت میں کیا ہے کہ شہباز شریف کےوزیر اعظم بننے کے بعد پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے پہلے اجلاس کے بعد اعلان کیا گیا تھا کہ تحقیقات میں سازش کے ثبوت نہیں ملے ہیں ۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہا کہ پہلی دھمکی بھٹو کو، دوسری مشرف کو تیسری انہیں دی گئی۔
انھوں نے کہا کہ ان کی قیادت میں پی ٹی آئی حکومت کو ہٹانے کی سازش لندن میں تیار ہوئی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ بقول ان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف، موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق صدر آصف زرداری بھی ان کے خلاف امریکی سازش میں شریک تھے۔
انھوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کو چا ہیے کہ معاملے کی اوپن سماعت کرکے ملوث کرداروں کو بے نقاب کردے۔
عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اوپن سماعت نہ کی تو آئندہ کوئی سربراہ کھڑا نہیں ہوگا۔
انھوں نے شہباز شریف کی حکومت کے خلاف مہم تیز کرنےکا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت جلد اسلام آباد میں عوام کا سونامی لائیں گے۔