احسن اقبال نے عمران خان کا دعوی مسترد کر دیا
پاکستان کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے عمران خان کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی نے سازش کا اعتراف کیا ہے۔
احسن اقبال نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں عمران خان کے دعوے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے دو مرتبہ کہا ہے کہ مراسلے میں کوئی سازش نہیں ہے۔
انہوں نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر الزام عائد کیا کہ وہ ملک دشمن ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان ملک میں آئینی بحران کھڑا کرنے اور انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔
یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں دعوی کیا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں واضح ہوگیا کہ غیر ملکی مداخلت اور سازش کی گئی جو ثابت ہوگئی۔ عمران خان نے کہا کہ ان کی حکومت کو گرانے کے لئے لندن میں سازش تیار ہوئی۔
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف، موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زردای اس سازش کا حصہ تھے۔