Apr ۲۷, ۲۰۲۲ ۰۰:۱۸ Asia/Tehran
  • سسپنس ختم، بلاول بھٹو نے شہباز شریف کی کابینہ میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تصدیق کی ہے کہ وہ کل اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ میں بطور وفاقی وزیر حلف اٹھائیں گے۔

کراچی میں پی پی پی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی نے اتحادی حکومت میں اپنی ذمہ داری نبھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں کل میں خود بطور وفاقی وزیر حلف اٹھاؤں گا اور حکومت کا حصہ بنوں گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی کابینہ میں شمولیت کے اپنے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ 'ملک کی صورت حال میں یک طرفہ فیصلہ سازی ممکن نہیں ہے اور یہ تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ دار ی ہے کہ وہ اجتماعی طور متحد ہوکر پر ملک کے مسائل کا حل تلاش کریں۔'

انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی حکومت کا حصہ ہونے کے ناطے کبھی پی پی پی کی ترجیحات کو وزن دیا جائے گا اور کبھی دوسری سیاسی جماعتوں کی ترجیحات کو سامنے رکھا جائے گا تاکہ مل کر عوام کے مسائل کا حل تلاش کیا جاسکے۔

چیئرمین پیلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہمیں سمجھنا ہوگا کہ یہ کوئی عام حالات میں بننے والی مخلوط حکومت نہیں ہے، یہ اتحادی حکومت پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کامیاب تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں ایک سلیکٹڈ، نااہل، نالائق حکومت کو گھر بھیج کرمعرض وجود میں آئی ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی ملک کی سیاسی تاریخ میں بہت بڑی کامیابی ہے اور آئندہ کے لیے ایک مثال بن گئی ہے کہ جب کسی حکومت سے جان چھڑانی ہو تو یہ ہی ایک آئینی اور قانونی طریقہ ہے۔

ٹیگس