May ۰۴, ۲۰۲۲ ۲۳:۰۹ Asia/Tehran
  • پنجاب گورنر کا وزیر اعظم کو خط، حمزہ شہباز نے صوبے کو یرغمال بنایا ہوا ہے

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے گورنر عمرسرفراز چیمہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر ’پنجاب کے سیاسی بحران اور آئینی تعطل‘ کے بارے آگاہ کیا ہے۔

گورنر پنجاب کے خط میں کہا گیا کہ غیر آئینی اور غیر قانونی، جعلساز وزیراعلیٰ نے صوبے کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔

خط میں کہا گیا کہ صورتحال سے سرکاری طور پر وزیراعظم پاکستان اور دیگر آئینی اداروں کے سربراہان کو مطلع کردیا ہے، آپ صوبے میں سیاسی اور قانونی تعطل سے آگاہ ہیں۔

گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے وزیراعظم کے نام خط میں کہا کہ کچھ اہم وجوہات سے آپ کو آگاہ کرنا اپنی ذمہ داری سمجھتا ہوں، عثمان بزدار کا بطور وزیراعلی استعفی متنازع ہے، مسلم لیگ (ن) نے پنجاب اسمبلی میں اکثریت کے لیے ڈی فیکٹو ممبران کی مکروہ حمائت حاصل کی۔

گورنر پنجاب عمر چیمہ نے کہا کہ غیر قانونی جعلساز وزیر اعلیٰ نے 16 اپریل سے پنجاب کے صوبے کو یرغمال بنایا ہوا ہے، صورتحال سے میں نے سرکاری طور پر جناب وزیراعظم پاکستان اور دیگر آئینی اداروں کے سربراہان کو مطلع کردیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا کہ میں نے لکھ دیا ہے تاکہ سند رہے آئینی و قانونی طور پر جو میرے اختیار میں تھا وہ کیا، میرا قوم سے وعدہ ہے کہ آخری دم تک عوام کی طاقت سے اس ’سیسیلین مافیا‘ کا مقابلہ کرونگا۔

گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے وزیراعظم کے نام خط میں کہا کہ جلد غیر آئینی و غیر قانونی وزیر اعلیٰ سے دفاتر اور سرکاری وسائل کا قبضہ چھڑوایا جائے گا اور اونچی سے اونچی کرسی یا بڑے سے بڑا عہدہ ہمیشہ نہیں رہتا اور نہ انسان کو بڑا بناتا ہے۔

انہوں نے اپنے خط میں کہا کہ اس کےلیے  اپنی ذمہ داری اور فرض کو ایمانداری سے نبھانا ہوتا ہے جبکہ آپ کے جانے کے بعد ساری زندگی یہی کردار آپ کی شناخت بن جاتا ہے۔

 

ٹیگس