میانوالی میں عمران خان کی تقریر، کہا حقیقی آزادی کی جدجہد شروع
پاکستان کے سابق اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ایک بار پھر کہا ہے ان کی حکومت امریکی سازش کے تحت ختم گئی ہے۔
میانوالی شہر میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کون حکومت کرے گا اس کا فیصلہ امریکہ اور واشنگٹن کو نہیں بلکہ پاکستانی عوام کو کرنا ہے۔ انہوں نے ملک میں فوری انتخابات کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔
عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت کو امپورٹڈ حکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ 20 مئی کے بعد کسی بھی وقت اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی کال دے سکتے ہیں۔
پاکستان کے سابق وزیراعظم نے کہا کہ وہ آج اس جدوجہد کا باضابطہ آغاز کررہے جسے انہوں نے ملک کی حقیقی آزادی کی جدجہد کا نام دیا ہے۔ان کا اشارہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں امریکہ اور بیرونی طاقتوں کی مداخلت کے خاتمے کی جانب تھا۔
عمران خان کئی بار کہہ چکے ہیں کہ ان کی حکومت امریکی مداخلت کے نتیجے میں ختم ہوئی ہے۔ پاکستان کے سیاسی اور سیکورٹی حلقے ان کے اس دعوے کی تردید کرتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ بانیان پاکستان نے امریکہ اور سپرطاقتوں کی غلامی کے لیے علیحدہ وطن حاصل نہیں کیا تھا، بلکہ خودداری اور سربلندی کے ساتھ جینے کے لیے پاکستان حاصل کیا تھا۔