May ۰۷, ۲۰۲۲ ۱۲:۴۷ Asia/Tehran
  • پاکستان میں بڑھتا درجۂ حرارت، ہیٹ ویو کا الرٹ جاری

پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے ہفتے پاکستان بھر میں بدترین ہیٹ ویو جیسے حالات کا خدشہ ہے اور اتوار (8 مئی) کو دباؤ میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درجہ حرارت دن کے وقت معمول سے 7 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

اعلامیے کے مطابق سندھ کے بالائی اور وسطی علاقوں، جنوبی اور وسطی پنجاب اور بلوچستان کے علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آنے والے دنوں میں گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا تھا۔

اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ اگلے 5 دنوں میں ان علاقوں میں درجہ حرارت 5 سے 7 سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے جو کہ معمول سے زیادہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ ہیٹ ویو کے ممکنہ اثرات فصلوں، سبزیوں اور باغات پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے بجلی کی طلب میں بھی اضافہ ہوگا۔ حالات کے پیش نظر شہریوں سے کہا گیا ہے کہ پانی کا استعمال وافر مقدار میں کریں۔

ٹیگس