پاکستان میں سیاسی کشیدگی عروج پر، ٹکراؤ کے درمیان شب میں مذاکرات متوقع
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں سیاسی کشیدگی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے اور کئی مقامات پر آنسوگیس کی شیلنگ، ہوائی فائرنگ اور پتھراؤ کی خبریں ملی ہیں۔
خبروں میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں قافلے اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہیں تاہم انہیں مختلف مقامات پر رکاوٹوں کا بھی سامنا ہے۔ رکاوٹیں دور کرنے کے دوران تحریک انصاف کے تین کارکن زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایک کارکن کے مارے جانے کی بھی خبر ہے۔
پاکستان میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت اسلام آباد کے فیض آباد انٹرچینج پر پولیس نے تحریک انصاف کے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسوگیس کا استعمال کیا ہے۔
کراچی کے مرکزی علاقے نمائش چورنگی میں پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری ہے۔
اس درمیان پاکستان کی سپریم کورٹ نے حکومت اور تحریک انصاف دونوں کو افہام تفہیم کا راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو دارالحکومت میں پی ٹی آئی کے جلسے کی سیکورٹی کے انتظامات کرنے کا حکم دیا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کی مذاکرتی کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات رات دس بجے متوقع ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف، وزیر اعظم شہباز شریف کی مخلوط حکومت کے خلاف ایک نکاتی ایجنڈے کے تحت لانگ مارچ کر رہی ہے۔ تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان کئی بار ملک میں عبوری حکومت کے قیام اور قبل از وقت انتخابات کرانے کا مطالبہ کرچکے ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی اتحادی جماعتیں، نئے الیکشن کے حق میں تو ہیں لیکن حکومت باقی ماندہ مدت پوری ہونے سے پہلے انتخابات کرانےکے لیے تیار نہیں۔