اسرائیل کا دورہ کرنے والے پاکستانیوں کی شہریت ختم کرنے کا مطالبہ
پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) میں پاکستانی شہریوں کے دورہ اسرائیل پر بحث کے دوران دورہ کرنے والے پاکستانیوں کی شہریت ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
پاکستانیوں کے دورہ اسرائیل کے معاملے پر پیر کو سینیٹ میں بھی گفتگو کی گئی اور حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے اس پر اظہار خیال کیا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم اخباری خبر پر کوئی بات نہیں کر سکتے اور میں وزارت خارجہ سے تصدیق کر کے ایوان کو آگاہ کروں گا۔
ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ پاکستان کے پاسپورٹ پر واضح لکھا ہے کہ آپ اس پاسپورٹ پر اسرائیل کا دورہ نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت امریکا اور اسرائیل کی خوشنودی میں لگی ہوئی ہے اور پی ٹی وی کا ایک ملازم احمد قریشی بھی اسرائیل گیا۔
جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے نقطہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے اسرائیل کے دورے پر جانے والوں کی شہریت ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ جو پاکستانی اسرائیل کے دورے پر گئے اس پر ایوان کو اعتماد میں لیا جائے اور پاکستانی فوج کے پراجیکٹ پر کام کرنے والے احمد قریشی بھی اسرائیل گئے۔
سینیٹر مشتاق احمد نے مطالبہ کیا کہ جو بھی پاکستانی اسرائیل گئے ان کی شہریت ختم کی جائے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے امریکا میں مقیم پاکستانیوں کے وفد سے ملاقات کی تصدیق کی تھی اور اسے ’حیرت انگیز تجربہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اسرائیل اور مسلم دنیا کے درمیان تعلقات میں ’بڑی تبدیلی‘ کی ایک مثال ہے۔