May ۳۱, ۲۰۲۲ ۲۳:۳۳ Asia/Tehran
  •  پاکستان کو سیلاب سے متعلق پیشگی اطلاع فراہم کرنے کی ہندوستان کی یقین دہانی

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان انڈس کمیشن کے اجلاس کے دوران ہندوستان نے پاکستان کو سیلاب سے متعلق پیشگی اطلاع کی فراہمی کے ساتھ ساتھ پاکستان کے اعتراضات پر بات چیت کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔

پاکستان سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق 1960 کے سندھ طاس معاہدے کی متعلقہ دفعات کے تحت یہ اجلاس ہر سال پاکستان اور ہندوستان میں ہوتا ہے اور اسی سلسلے میں پاکستان اور ہندوستان کے انڈس کمیشن کا 118واں دو روزہ اجلاس ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں چھ رکنی پاکستانی وفد کی قیادت پاکستان کے انڈس واٹر کمشنر سید محمد مہر علی شاہ جبکہ ہندوستانی وفد کی سربراہی ہندوستان کے انڈس واٹر کمشنر اے کے پال نے کی۔

منگل کو پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور ہندوستان کے درمیان پانی سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں سیلاب کی معلومات کا پیشگی اشتراک، دوروں/معائنوں کا پروگرام اور 31 مارچ 2022 کو ختم ہونے والے سال کے لیے مستقل انڈس کمیشن کی رپورٹ پر دستخط شامل تھے۔

دوران اجلاس پاکستان نے مغربی دریاؤں پر ہندوستان کے ہائیڈرو الیکٹرک منصوبوں پر اپنے اعتراضات کو اجاگر کیا جبکہ پاکل دل سمیت ہندوستانی منصوبوں پر پاکستان کے اعتراضات کا بھی جواب طلب کیا گیا۔

اجلاس میں ہندوستان پر زور دیا گیا کہ وہ معاہدے کی دفعات اور 1989 سے 2018 تک رائج عمل کے مطابق سیلاب سے متعلق پیشگی معلومات فراہم کرے۔

ہندوستان نے اجلاس میں آنے والے سیلاب کے موسم کے بعد دوروں/ معائنوں کا بندوبست کرنے کے ساتھ ساتھ اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کے بقایا اعتراضات پر اگلی ملاقات میں بات کی جائے گی کیونکہ وہ ابھی تفصیلات کا جائزہ لے رہا ہے۔

دونوں فریقوں نے سندھ طاس معاہدے کو اس کی حقیقی روح کے تحت نافذ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ کمیشن کا اگلا اجلاس جلد از جلد پاکستان میں منعقد ہوگا۔

پاکستانی وفد گزشتہ اتوار کو واہگہ اٹاری سرحد کے ذریعے مذاکرات میں شرکت کرنے کے لیے گیا تھا۔

ٹیگس