May ۳۱, ۲۰۲۲ ۲۳:۴۲ Asia/Tehran
  • پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں ہے: فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کا قومی اسمبلی میں واپس آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور موجودہ اسپیکر کو یہ اختیار نہیں ہے کہ وہ سابق اسپیکر کی جانب سے قبول کیے گئے پارٹی اراکین کے استعفوں کا جائزہ لیں۔

اسلام آباد میں پارٹی رہنما حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی سمجھتی ہے کہ پارلیمنٹ پر قبضہ کر لیا گیا ہے اور ہمارا ایوان میں واپس آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری رائے ہے کہ قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر نے ہمارے اراکین اسمبلی کے استعفوں کو قبول کر لیا ہے اور اس اسپیکر کو فیصلے کا جائزہ لینے کا اختیار نہیں ہے۔

دریں اثنا پارٹی کے رہنما فرخ حبیب نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں سے استعفیٰ دے چکے اور قاسم سوری نے اس وقت بطور اسپیکر استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ مزید کارروائی کی ضرورت نہیں ہے اور الزام لگایا کہ انہوں نے غیر قانونی طور پر استعفوں کو التوا کا شکار رکھا ہوا ہے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے عمران خان کے خلاف کامیاب تحریک عدم اعتماد کے دو دن بعد 11 اپریل کو قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے دیا تھا، استعفوں کو سابق قائم مقام اسپیکر قاسم سوری نے قبول کر لیا تھا اور اس سلسلے میں قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا تھا۔

تاہم کچھ دن بعد 16 اپریل کو نئے منتخب اسپیکر راجا پرویز اشرف نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو ہدایت کی کہ وہ استعفے دوبارہ سیل کر کے ان کو پیش کریں تاکہ وہ ان کی ذاتی طور پر تصدیق کر سکیں اور قانون کے مطابق ان کے ساتھ نمٹ سکیں۔

اس کے بعد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق استعفوں کی منظوری کے سابقہ ​​نوٹی فکیشن کو ایسے تصور کیا جائے گا جیسے وہ بالکل جاری ہی نہیں کیا گیا ہو۔

ٹیگس