Jun ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۱:۰۵ Asia/Tehran
  • ایٹمی پروگرام ختم اور ملک کے تین ٹکڑے ہوں گے، اگر یہی پالیسی جاری رہی : عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب سے موجودہ حکومت آئی ہے روپے کی قدر میں کمی آئی ہے جبکہ اسٹاک مارکیٹ گر رہی ہے، ملک ڈیفالٹ کی طرف جارہا ہے اگر ایسا ہوا تو سب سے زیادہ پاکستانی فوج متاثر ہوگی۔ 

نجی ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگر اسٹیبلشمنٹ اس وقت صحیح فیصلے نہیں کرے گی تو لکھ کر دیتا ہوں کہ فوج سب سے پہلے تباہ ہوگی، فوج تباہ ہوئی تو یوکرین کی طرح پاکستان کا ایٹمی پروگرام بھی ختم کردیا جائے گا۔

سابق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ’اگر ایٹمی پروگرام ختم ہوا تو ملک کے تین ٹکڑے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ان لوگوں کو اقتدار سے نہیں نکلا گیا تو ملک کے جوہری اثاثے چھن جائیں گے۔

عمران خان کے بیان پر پاکستان کے سیاسی رہنماؤں نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے عمران خان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی پاکستانی ملک کے ٹکڑے کرنے کی بات نہیں کرسکتا، یہ زبان ایک پاکستانی کی نہیں ہے۔

آصف زرداری نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں اقتدار ہی سب کچھ نہیں ہوتا، بہادر بنو اور اپنے پاؤں پر کھڑے ہوکر سیاست کرنا سیکھ لو۔

آصف زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ عمران خان کے ناپاک بیان پر گلی گلی احتجاج کریں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ ذہنی بیمار شخص ہی ایسی باتیں کرسکتا ہے، یہ شخص کہتا ہے پاکستان جام کردو۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اداروں سے ایسی سپورٹ کسی کو نہیں ملی، آج یہ اداروں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

سابق وزیر اعظم کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما آصف کرمانی نے کہا کہ عمران خان اقتدار سے محروم ہونے کا بدلہ پاکستان سے لینا چاہتے ہیں۔

سینیٹر آصف کرمانی نے کہا کہ عدالت عظمیٰ عمران خان کے پاکستان مخالف بیانات کا نوٹس لے۔

 

ٹیگس