امریکہ کی غلامی قبول نہیں : عمران خان
عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان 75 سال پہلے ایک نعرہ پاکستان کا مطلب کیا ہے کے نعرے پر بنا ۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شانگلہ میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیسے کے بت کی طرح خوف کے بت کی پوجا بھی شرک ہے کیوں کہ خوف انسان کو غلام بنا دیتا ہے اور جو قوم خوف کے بت کو نہیں توڑ سکتی وہ غلام بن جاتی ہے اس لئے میں اس قوم کی حقیقی آزادی کے لیے تحریک چلا رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی سپر پاور کو نہیں مانتے، ہم اللہ کو مانتے ہیں، ہم جھکتے ہیں تو صرف اللہ کے سامنے، ہم سچ اور حق پر کھڑے ہوتے ہیں، خوف کے بت کو توڑ کر صرف اپنے نظریے پر چلیں گے اور جو قوم خوف کے بت کو نہیں توڑتی غلام بن جاتی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جب ڈیزل اور تیل مہنگا ہوتا ہے تو سب کچھ مہنگا ہوجاتا ہے، ہندوستان روس سے تیل خرید سکتا ہے کیوں کہ اس کی آزاد خارجہ پالیسی ہے، امریکی سازش کے تحت امریکا کے پتلے اوپر بیٹھ گئے ہیں۔
انہوں نے دعوی کیا کہ امریکا کی غلام حکومت ہندوستان اور اسرائیل کا ایجنڈا مسلط کر رہی ہے، قائداعظم نے کہا تھا فلسطینیوں کو انصاف ملنے تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایک وفد اسرائیل گیا اور اس میں سرکاری نوکر بھی تھا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ امریکا کے سفیر نے کہا کہ اگر تم عمران خان کو نہیں ہٹاؤ گے مشکلات پیدا کردیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پرسوں تک خیبر پختونخوا میں ہوں سب کو آزادی کی تحریک کیلئے تیار کر رہا ہوں، تحریک تب تک چلے گئے جب تک یہ حکومت شفاف الیکشن نہیں کراتی۔