پاکستانی عوام صیہونی حکومت کی سازشوں کا شکار نہیں ہوں گے: جماعت اسلامی پاکستان
جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما نے اسرائیل کو ایک ناجائز و غاصب حکومت قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/پاکستان: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے اسلام آباد میں ارنا کو انٹرویو دیتے ہوئے علاقے کے بعض حکمرانوں اور اس ملک کے بعض عناصر کے درمیان تل ابیت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے ساز باز کی مذمت کی اور زور دے کر کہا کہ پاکستان کے عوام کسی کو فلسطین اور عالم اسلام کے ساتھ خیانت کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
سراج الحق نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ مسلمانوں کے قبلہ اول کی انتہاپسند صیہونیوں کی جانب سے مسلسل توہین اور فلسطینی عوام کی سرکوبی نے پورے عالم اسلام کے قلوب کو ٹھیس پہنچائی ہے لیکن مسلم حکمرانوں بالخصوص مشرق وسطی کی عرب حکومتوں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ انھوں نے بعض پاکستانی نژاد امریکی شہریوں پر مشتمل ایک وفد کے دورہ مقبوضہ فلسطین کی جانب اشارہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ پاکستان میں بعض عناصر اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی ترویج کر رہے ہیں اور پاکستان کو فلسطینی عوام کے قاتلوں کے ساتھ سازباز اور دوستی قائم کرنے کی سازش میں پھنسانا چاہتے ہیں۔
جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما نے کہا کہ ہم حکومت اور فیصلہ کرنے والے اداروں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ وہ روابط کو معمول پر لانے کے بارے میں سوچنے کی بھی جرئت نہ کریں کیونکہ پاکستان کےعوام اس سازش کے مقابلے میں ایک ساتھ کھڑے ہیں اور وہ داخلی عناصر کے خفیہ اقدامات اور بیرونی دباؤ کے سامنے جھکنے والے نہیں ہیں۔
سینیٹر سراج الحق نے اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کو ملت فلسطین کا حقیقی حامی اور صیہونی حکومت کے ساتھ سازباز کا مخالف قراردیا اور کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان بھی دیگر مسلم اقوام کی طرح اسرائیل کو تسلیم کرنے کی مخالف ہے اور پاکستان میں اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
بعض پاکستانی نژاد شہریوں پر مشتمل ایک امریکی وفد نے حال ہی میں تل ابیب کا دورہ اور صیہونی صدر سے ملاقات کی تھی جس پر پاکستان میں سخت ردعمل سامنے آیا تھا اور اس ملک کی سیاسی و مذہبی شخصیات نے اس پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔