Jun ۰۸, ۲۰۲۲ ۱۱:۲۵ Asia/Tehran
  • پاکستان میں مزید 4 دہشتگرد ہلاک

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی علیحدہ علیحدہ کارروائیوں میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل کے جنرل ایریا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

بیان کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کی، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے جن کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔

دوسری جانب صوبہ بلوچستان کے علاقے نوشکی کے قریب پرودھ پہاڑ کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں بلوچستان ری پبلکن آرمی (بی آر اے) سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گرد ندیم اور شہزاد عالم مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد خاران اور ملحقہ علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے۔ مزید بتایا گیا کہ دہشت گردوں کے پاس سے اسلحہ اور گولہ باورد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

قبل ازیں 5 جون 2022 کو خیبرپختونخوا کے علاقوں جانی خیل، ضلع بنوں اور ضلع شمالی وزیرستان کے حسن خیل میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

ٹیگس