Jun ۱۹, ۲۰۲۲ ۲۳:۱۴ Asia/Tehran
  • پاکستان، سیکورٹی اہلکاروں کی کارروائی، 6 دہشت گرد ہلاک

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ وسطی مکران میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان لبریشن فرنٹ کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 19 جون 2022 کو بلوچستان کے علاقے پاروم کے قریب وسطی زمران رینج کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے ان کی گرفتاری کے لیے آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق جب فوجیوں نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا تو دہشت گردوں نے اپنے ٹھکانے سے فرار ہونے کی کوشش کی اور اس دوران سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔

ترجمان پاکستانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں بی ایل ایف سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کی چوکیوں پر حملوں کے علاوہ پنجگور کے علاقے پروم اور گرد و نواح میں سیکیورٹی فورسز کے قافلوں کو نشانہ بنانے کے لیے آئی ای ڈی نصب کرنے میں بھی ملوث تھے۔

پاکستانی فوج کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے جو ان دہشت گردوں کی جانب سے علاقے میں امن و امان کو خراب کرنے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

ٹیگس