پاکستان کے وزیراعظم کی جانب سے دس فیصد سپر ٹیکس لگائے جانے کی وضاحت
پاکستان میں وزیراعظم نے امیر طبقات پر دس فیصد سپر ٹیکس کو ناگزیر قرار دیا ہے۔
پاکستان میں وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹر پیج پر سپر ٹیکس کی وضاحت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اقتدار سنبھالنے کے بعد اتحادی حکومت کے سامنے دو راستے تھے۔ ایک راستہ یہ تھا کہ الیکشن کرائیں اور معیشت کو ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے لئے چھوڑ دیا جائے اور دوسرا راستہ یہ تھا کہ پہلے اقتصادی چیلنجوں سے نمٹا جائے۔
انھوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو پہلے سامنے رکھا اور ملک کو اقتصادی دلدل سے نکالنے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے معاشی بحران پر قابو پانے کے لئے سخت فیصلے کئے گئے لیکن تنخواہ دار اور کم آمدنی والے طبقے پر کم بوجھ ڈالنے کی کوشش کی گئی اور مال دار طبقے سے کہا گیا کہ بوجھ بانٹ کر قومی فرض پورا کریں ۔
یاد رہے کہ پاکستان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کی بڑی صنعتوں پر دس فیصد سپر ٹیکس کا اعلان کرکے ملک کے صنعتی حلقے میں ہلچل مچادی ہے۔
سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے دعوی کیا ہے کہ دس فیصد سپر ٹیکس سے کارخانے بند ہونے لگیں گے اور ملک میں مہنگائی کا طوفان آجائے گا۔