Jun ۲۹, ۲۰۲۲ ۱۷:۵۵ Asia/Tehran
  • افغان ڈرائیوروں کو ویزا جاری کئے جانے میں پاکستان کی سہولت

پاکستان نے افغان ڈرائیوروں کو ویزا جاری کرنے کا عمل آسان بنانے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ایک ٹوئٹ میں اعلان کیا ہے کہ افغان ڈرائیوروں کو ویزا جاری کئے جانے کا عمل تبدیل کیا جا رہا ہے۔
شہباز شریف کے اس ٹوئٹ کے مطابق پاکستانی سفارتی مراکز کی جانب سے ویزا کی درخواست پر ان کی قومیت کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا اور افغان ڈرائیوروں کو بھی اڑتالیس گھنٹے کے اندر ایک سال کی میعاد کا ویزا جاری کیا جائے گا۔

پاکستان کے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ حکومت کے اس اقدام کا مقصد پاکستان و افغانستان کی قوموں میں قربت پیدا کرنا ہے تاکہ افغان عوام کی مدد کے علاوہ علاقائی سرمایہ کاری کا حصول آسان ہو سکے۔
افغان ڈرائیوروں کو ویزے میں سہولت کا یہ اعلان افغانستان سے کوئلے کی درآمدات میں تیزی لانے کے لئے کیا گیا ہے- 
شہباز شریف نےکہا ہے کہ افغانستان سے پتھر کے کوئلے کی درآمدات میں اضافہ کئے جانے کا مقصد سستی بجلی پیدا کر کے عوام کے لئے بجلی کی سہولت میں اضافہ کرنا ہے اور یہ کہ کوئلے کی قیمت ڈالر کے بجائے پاکستانی روپے میں ادا کی جائے گی۔
دوسری جانب افغانستان کی طالبان انتظامیہ نے پتھر کے کوئلے کی برآمداتی قیمت دوگنا سے بھی زائد کردی ہے۔
طالبان انتظامیہ کی وزارت خزانہ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ پتھر کے کوئلے کی برآمداتی قیمت نوے ڈالر فی ٹن سے بڑھا کر دو سو ڈالر فی ٹن کردی گئی ہے۔

ٹیگس