پاکستانی فوج کی جانب ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ کی حمایت
پاکستانی فوج نے کہا ہے کہ تہران اور اسلام آباد عسکری شعبے سمیت تمام میدانوں میں باہمی تعاون کے فروغ کا پختہ ارادہ رکھتے ہیں۔
اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کے مطابق پاکستانی فوج نے چیرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل ندیم رضا کے حالیہ دورہ ایران کے بارے میں ایک بیان جاری کیا ہے۔
اس بیان میں جنرل ندیم رضا اور ایرانی عہدیداروں کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں میں ایران وپاکستان اسٹریٹیجک مفادات اور علاقائی سلامتی کی صورتحال کے علاوہ سلامتی اور دفاع کے میدان میں باہمی تعاون کے فروغ کا جائزہ لیا گیا۔
پاکستانی فوج کے جاری کردہ بیان میں آیا ہے کہ دونوں ملکوں کے اعلی عہدیداروں نے عسکری تعاون کے فروغ کے لیے انجام پانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا اور باہمی تعلقات کی مزید پائیدار بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
بیان کے مطابق ایران کے فوجی حکام نے پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس کی قربانیوں کو سراہا۔
پاکستان کے چیرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل ندیم رضا کا یہ پہلا سرکاری دورہ ایران تھا۔
گزشتہ برس انہوں نے اسلام آباد میں ایران کے چیف آف جنرل اسٹاف میجرجنرل محمد باقری کی قیادت میں جانے والے عسکری وفد کی میزبانی کی تھی۔