Jul ۱۱, ۲۰۲۲ ۲۳:۲۶ Asia/Tehran
  • امریکا نے سازش کرکے ان چوروں کو ہم پر مسلط کردیا ہے: عمران خان

پاکستان تحریک اںصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک آصف زراری ڈاکو سندھ میں بیٹھے ہیں صوبہ ترقی نہیں کرسکتا۔

سحر نیوز/ پاکستان : چیئرمین پی ٹی آئی نے پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے کہا کہ 17 جولائی کو ہونے والا الیکشن ملک کی حقیقی آزادی کی جدوجہد ہے، امریکا نے سازش کرکے ان چوروں کو ہم پر مسلط کردیا ہے۔

9  جولائی کو احسن اقبال کے خلاف ایک ریسٹورینٹ میں ’چور چور‘ کے نعرے لگنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس سے متعلق جلسہ عوام سے خطاب کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ وہ حقیقت ہے جسے عوام اب واقف ہوچکے ہیں، احسن اقبال کہتے ہیں کہ ملک کرپشن کے ساتھ بھی ترقی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں 2 بڑے ڈاکو آئے، نواز شریف اور آصف علی زرداری، سندھ آگے نہیں جاسکتا کیونکہ 14 سال سے ڈاکو سندھ میں بیٹھا ہے، یہ لوگ سندھ کے نام پر سیاست اور چوری کر کے سارے پیسے باہر لے گئے۔

عمران خان نے کہا کہ میری پوری کوشش تھی کہ ان ڈاکوؤں کو سزا دی جائے، اس ملک میں کون سی طاقت تھی جو زرداری کو سزا دینے سے روکتی تھی؟

عمران خان نے کہا کہ میری حکومت تھی تو کہتے تھے بہت مہنگائی ہے اور جیسے ہی اقتدار میں آئے یہ لوگ مہنگائی کو بھول گئے، انہوں نے آتے ہی 1100 ارب روپے معاف کروائے۔

انہوں نے کہا کہ دال ، چنا کی قیمت 21 فیصد بڑھی جب سے یہ آئے ہیں، مجھے افسوس ہے کہ کچھ لوگ کرپشن کو برا نہیں سمجھتے، وقت آنے پر بتاؤں گا کہ وہ کون ہے، قوم کا وہ حال ہونے جا رہا جو سری لنکا کا ہوا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ چور پیسے دے رہے ہیں، ان سے پیسے لے لو، ووٹ بلے کو ڈالنا، ہمارا مقابلہ ان چوروں کے ساتھ ہے، نواز شریف، شہباز شریف اور زرداری بھکاری ہیں، ہماری قوم تو غیرت مند ہے، ملک کو مقروض کردیا خود ارب پتی ہو گئے، مسٹر ایکس ان کے ساتھ مل کر الیکشن جتوانے کی تیاری کر رہا ہے۔

 

ٹیگس