Jul ۱۵, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۳ Asia/Tehran
  • پاکستان میں ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں بڑی کمی

پاکستان کے  وزیر اعظم شہباز شریف نے ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان اور آئی ایم ایف سے ہونے والے معاہدے کی تصدیق کردی۔

پاکستانی قوم سے خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جس وقت ہم نے حکومت سنبھالی تو تیل کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی تھیں جبکہ مہنگائی بھی بہت زیادہ تھی مگر آج عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں غلط بیانی کرنے والا نہیں اور وعدے کے مطابق قوم کو کمی کا ایک ایک پیسہ واپس پہنچاؤں گا، الحمد اللہ آج وہ موقع آگیا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ڈیزل کی مد میں 40 روپے 54 پیسے جبکہ پیٹرول کی مد میں 18 روپے پچاس پیسے کی کمی جا رہی ہے، جس کا اطلاق 14 جولائی کی رات بارہ بجے سے ہوگا۔

اس ضمن میں وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 33 روپے 81 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 34 روپے 71 پیسے کمی کر دی گئی ہے۔

محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق حالیہ کمی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 230 روپے 24 پیسے، ڈیزل 236 روپے، مٹی کا تیل 196 روپے 45 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 191 روپے 44 پیسے ہوگی۔

ٹیگس