سیاسی بحران سے نکلنے کا واحد راستہ فوری شفاف انتخابات ہیں: عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سیاسی بحران سے نکلنے کا واحد راستہ فوری طور پر شفاف انتخابات کا انعقاد ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں عمران خان نے شہباز شریف اور زرداری کے اتحاد کو آڑے ہاتھوں لیا اور اُسے ملکی معیشت کے تباہ ہونے کا ذمہ دار قرار دیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ اتحاد پنجاب کے عوام کا فیصلہ دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سیاسی بحران سے نکلنے کا واحد راستہ فوری شفاف انتخابات ہیں، معیشت کی تباہی ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا رہی ہے۔
انہوں نے حکمراں اتحاد پر الزام لگایا کہ اُسے اپنے اقتدار کی فکر ہے ملک کے حالات کی نہیں۔ عمران خان کا کہنا کہ پنجاب الیکشن کے نتائج سے یہ سب پر عیاں ہو گیا ہے کہ عوام انہیں مسترد کر چکی ہے اور اب یہ لوگ جو بھی کر لیں، اُس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا مشاورتی اجلاس بھی ہوا جس میں شاہ محمودقریشی، اسد عمر، فواد چوہدری اور شیریں مزاری شریک تھے۔ اجلاس میں وزیراعلی پنجاب کے انتخاب اور عدالتی امور پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی، لائحہ عمل اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے موخر ہونے سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی۔