Jul ۲۵, ۲۰۲۲ ۰۹:۳۲ Asia/Tehran
  • شیعہ سنی وحدت کا راستہ عزت کا راستہ ہے: علامہ جعفری

مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام کنونشن سینٹر میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی 34 ویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ مہدی (ع) برحق کانفرنس سے شیعہ اور سنی علماء نے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کے اتحاد پر زور دیا اور اس ملک میں امریکی مداخلت کی مذمت کی۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام کنونشن سینٹر میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی 34 ویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ مہدی (ع) برحق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ شہید قائد نے انبیاء کے راستے کو اختیار کیا، وہ حقیقی معنوں میں کربلائی و عاشورائی تھے۔

یم ڈبلیو ایم کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کو شہید عارف حسینی کے راستے کی ضرورت ہے، ہم چودہ سو سالوں سے حریت کے علمبردار ہیں، ہم نے کسی بھی دور میں غلامی قبول نہیں کی، کربلا کے پیروکاروں کو چاہیئے کہ وہ گلی محلے میں جا کر غلامی کے خلاف درس دیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ہم عالمی استکباری طاقتوں سے بھیک مانگنے والوں کو قومی وقار کا مجرم سمجھتے ہیں۔ ہم نے عمران خان سے دوٹوک انداز میں کہا کہ پاکستان کے فیصلے ملک کے اندر ہوں، واشنگٹن میں نہ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے ساتھی کھل کر سامنے آچکے ہیں، پاکستانی عوام امریکہ کے خلاف نفرت کا برملا اظہار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور اس کے اتحادی پاکستان میں سازشی کھیل کھیل رہے ہیں۔ پوری قوم کا یہ فرض ہے کہ مادر وطن کی داد رسی کے لیے گھروں سے نکلے۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے شیعہ سنی وحدت کو عزت کا راستہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگ مسنگ ہیں، جہنوں نے لشکر بنائے، تکفیری گروہ بنائے، انہوں نے ہمارے لوگ غائب کر رکھے ہیں۔ ہمارے لوگ بےگناہ ہیں۔ ان کو اٹھانے والے ہمیں تکلیف میں رکھنا چاہتے ہیں۔ 

مہدی (ع) برحق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے ہماری لاشوں سے گزر کر جانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تباہ کرنے کے لیے مذہبی منافرت کا پرچار کیا گیا اور جو لوگ اتحاد و اخوت کے داعی تھے، انہیں قتل کر دیا گیا۔

مہدی (ع) برحق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اہل حرم پاکستان کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا کہ یہ تاریخی حقیقت ہے کہ استعماری طاقتیں قوموں کو ٹکڑوں میں تقسیم کرکے انہیں اپنے مفادات کے لیے استعمال کرتی ہیں مگر ہم انشاء اللہ ہمیشہ ان ظالموں کے خلاف ڈٹے رہیں گے۔

پاکستان عوامی تحریک کے رہنماء خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ہم شہدا کے مقروض ہیں جس کے تحت ہمارا فرض ہے کہ ہم اسلامی و جمہوری نظام کے لیے جدوجہد جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر ڈوب رہا ہے، تاریخ میں پاکستان کے ایسے حالات کبھی نہیں ہوئے۔

خرم نواز گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاون کا قاتل آج ملک کا وزیر داخلہ بنا ہوا ہے، ظلم کا یہ نظام چلنے نہیں دیں گے۔

مہدی (ع) برحق کانفرنس سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

ٹیگس