Jul ۲۹, ۲۰۲۲ ۱۶:۱۵ Asia/Tehran
  • افغان علاقے کو پاکستان کے سپرد کئے جانے کے دعوے پر طالبان کا ردعمل

افغانستان کی طالبان انتظامیہ نے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ افغانستان کے صوبے بدخشان کے اسٹریٹیجک علاقے واخان کو پاکستان کے حوالے کر دیا گیا۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق طالبان انتظامیہ کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں افغانستان کے صوبے بدخشان کے علاقے واخان میں پاکستانی فوج کی پیش قدمی کی خبر کو افواہ قرار دیا اور اعلان کیا کہ طالبان کے عہدیداروں نے اس علاقے میں جا کر وہاں کا معائنہ کیا ہے۔

طالبان نے اعلان کیا ہے کہ واخان سرحدی علاقہ ان کے کنٹرول میں ہے۔ طالبان انتظامیہ نے اس علاقے میں امن کے تحفظ میں سیکیورٹی اہلکاروں کی قدردانی بھی کی ہے۔

طالبان کی وزارت دفاع نے  وضاحت کی ہے کہ افغانستان پڑوسی ملکوں کے ساتھ اچھی ہمسائیگی کا خواہاں ہے اور اگر افغانستان کی سرزمین اور سرحدوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا گیا تو بھرپور دفاع کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ حال ہی میں افغانستان کے سابق حکام نے دعوی کیا تھا کہ طالبان نے صوبے بدخشان کے اسٹریٹیجک علاقے واخان کو پاکستان کے سپرد کردیا ہے تاکہ وہ وسطی ایشیا تک دسترسی حاصل کر سکے۔

ٹیگس