شفاف انتخابات ہی ملکی مسائل کا حل ہیں: عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے مطالبہ ملک کی بدحالی کا ذمہ دار موجودہ حکومت کو قرار دیتے ہوئے ایک بار پھر شفاف انتخابات کا مطالبہ دہرایا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی جانب سے آئی ایم ایف سے قرض کی فوری ادائیگی کے معاملے میں امریکا کو فون کرنے سے ثابت ہوتا ہے کہ ملک معاشی طور پر کمزور ہوتا جارہا ہے ورنہ آرمی چیف کا یہ کام نہیں ہے۔
عمران خان نے استفسار کیا کہ اگر امریکا ملک کی موجوہ صورتحال میں مدد کرے گا تو کیا وہ اپنی ڈیمانڈ نہیں رکھے گا؟ انہوں نے اس عمل کے نتیجے میں ملک کی سیکیورٹی کے کمزور پڑ جانے کا بھی خدشہ ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دو قسم کی سیاست ہوتی ہے ایک اپنی ذات کے لیے دوسری نظریے کے لیے۔ اُن کا کہنا تھا حکومت الیکشن سے ڈرتے ہیں کیونکہ انہیں پتہ ہے پاکستان کی عوام بدل چکی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملکی مسائل کا حل صرف انتخابات نہیں بلکہ شفاف انتخابات ہیں جس میں پاکستان کے عوام فیصلہ کریں کس کو حکومت کرنی چاہیے۔
انہوں نے معاشی بدحالی کا ذمہ دار موجودہ حکومت کو قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ انکی حکومت میں معاشی گروتھ اوپر جا رہی تھی ملک کی ترقی کا ہر شعبہ ترقی کر رہا تھا، مگر اب ملک کو تباہی کا سامنا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ٹوئٹر پر عام انتخابات سے متعلق ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں ضمنی انتخابات کے بجائے نئے انتخابات پر معماملات طے ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ قوم اکتوبر میں نئے انتخابات، الیکشن کی تاریخ اور الیکشن کمیشن نیز نگران حکومت کے بارے میں فیصلہ جلد سنے گی۔