کیا تاشقند میں پاکستان اور ہندوستان کے وزرائے اعظم کی ملاقات ہوگی؟
ستمبر میں پاکستان اور ہندوستان کے وزرائے اعظم کی ملاقات کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے تاشقند میں ایک گفتگو کے دوران ایک پڑوسی کی حیثیت سے ہندوستان کی اہمیت پر زور دیا تاہم یہ واضح کیا کہ تاشقند میں ستمبر کے مہینے میں پاکستان اور ہندوستان کے وزرائے اعظم کی ملاقات کا کوئی پلان نہیں ہے۔
انھوں نے ہندوستانی سیاستدانوں کے بقول ان کے اسلامو فوبیا پر مبنی بیانات کو دو طرفہ بات چیت میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا ۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہندوستان پاکستان کا پڑوسی ملک ہے، دونوں ممالک ایس سی او کا حصہ ہیں، آپ بہت سی چیزوں کا انتخاب کرسکتے ہیں، لیکن پڑوسی کا نہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے پڑوسی کے ساتھ رہنے کی عادت ڈالنی چاہیے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اگست دو ہزار انیس کے بعد ہندوستان کے ساتھ تعمیری بات چیت مشکل ہوگئی ہے۔
ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے وزرائے خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس اور اس کی دیگر تقریبات میں ایک ساتھ شرکت کی لیکن ایک دوسرے سے بات چیت سے گریز کیا ہے۔