حکومت کا عمران خان اور ساتھیوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ
حکومت پاکستان نے ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس میں ملوث سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور ان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: وزیر اعظم ہاؤس میں پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کا سربراہی اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف نے کی۔ اجلاس میں طے پایا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی دیگر قیادت کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری وفاقی کابینہ کل دے گی۔
یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ریڈ زون میں تحریک انصاف سمیت کسی بھی جماعت کو احتجاج نہیں کرنے دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق آئندہ چند دن میں پی ٹی آئی کے مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے خلاف آپریشن کلین شروع ہونے کا امکان ہے۔ پورے پاکستان میں مختلف ٹیمیں بیک وقت کارروائی کریں گی۔
عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن کی 12 نکاتی چارج شیٹ کے تحت وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) اور دیگر متعلقہ ادارے کئی الزامات کے تحت کارروائی کرسکتے ہیں، تاہم قانونی ماہرین کی رائے میں عملی اقدام اٹھایا جائے گا۔
اجلاس میں عمران خان کی نااہلی کے لئے قانونی کارروائی کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔