Aug ۱۱, ۲۰۲۲ ۱۱:۵۵ Asia/Tehran
  • تحریک اںصاف نے شہباز گل کے بیان سے لا تعلقی کا اظہار کردیا

 پاکستان تحریک اںصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہباز گل کا بیان پی ٹی آئی کا بیانیہ نہیں ہے۔ 

پاکستان تحریک اںصاف کے رہنما فؤاد چوہدری نے شہباز گل کے بیان سے پارٹی کا دامن جھاڑتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی کا نہیں خود ان کا ذاتی بیان ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہباز گل کو بیان واپس لینے پر معاف کر دینا چاہیے کیوں کہ وہ کوئی باغی نہیں بلکہ ایک محب وطن انسان ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جو انہیں قریب سے جانتے ہیں انہیں معلوم ہے شہباز گل ایک محب وطن انسان ہیں، پی ٹی آئی کی پالیسی پرو پاکستانی پالیسی ہے۔

خیال رہے کہ 9 اگست کو پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل کو بغاوت اور اداروں کے خلاف اکسانے کے الزام میں وفاقی دارالحکومت سے گرفتار کر لیا گیا تھا، بعدازاں پولیس نے انہیں 10 اگست کو عدالت میں پیش کیا جہاں انہیں 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

عدالت کے باہر پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ میرے بیان میں کچھ ایسا نہیں جس سے شرمندگی ہو، میرا بیان ایک محب وطن کا بیان ہے۔ 

انہوں نے کہا تھا کہ ایسے بیوروکریسی کے افسران جو غلط بات کر رہے ہیں، میں نے ان کے بارے میں بات کی تھی۔ شہباز گل نے حکومت کے اس اقدام کو ایک سیاسی انتقام سے تعبیر کیا۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ فوج مقدس ترین ادارہ ہے، ہم سب پر اداروں کا احترام لازم ہے۔

اس سلسلے میں ایک 4 رکنی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے جو سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف کے خلاف غداری سمیت دیگر کئی سنگین الزامات کے تحت درج مقدمے کی تحقیقات کرے گی۔

ٹیگس