پولیس کی تحویل میں شہبازگل کا اعتراف
پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار رہنما شہباز گل نے فوج سے متعلق بیان دینے کا اعتراف کرلیا ہے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق پی ٹی آئی کے گرفتار رہنما شہباز گل نے تفتیش کے دوران کہا ہے کہ انہوں نے فوج کے خلاف بیان سوچ سمجھ کر دیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق شہباز گل نے کہا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے یہ بیان پارٹی کی پالیسی سے ہٹ کر نہیں دیا ہے۔
ایک اور رپورٹ میں پولیس حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شہباز گل سے جو موبائل فون برآمد ہوا تھا وہ ڈمی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہبازگل کے فون سے مسلسل ٹوئٹر پر پیغامات جاری ہورہے ہیں ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ یہ پتہ لگانے میں مصروف ہے کہ شہبازگل کے ٹوئٹر ہنڈل والا فون کس کے پاس ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل کو پولیس نے نواگست کو گرفتار کیا ہے۔ ان پر فوج کے خلاف بیان دینے پر ، غداری سمیت دس سنگین نوعیت کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔شہبازگل دو روزہ ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں ۔ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد سیشن کورٹ نے ان کے وکیلوں کی ٹیم کو شہباز گل سے ملاقات کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔