ہم 75 برس میں اصل مقصد کو اپنانے میں ناکام رہے: شہباز شریف
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک مرتبہ پھر میثاق معیشت کی پیشکش کرتے کہا ہے کہ آج محض ایک مبارکباد کافی نہیں ہوگی ہم ہر سال دھوم دھام سے یوم آزادی مناتے ہیں اور حقیقت یہ ہے کہ ہم 75 برس میں اصل مقصد کو اپنانے میں ناکام رہے ہیں۔
سحر نیوز/ پاکستان: قوم سے خطاب کے دوران 75 ویں یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج قوم کو تقسیم در تقسیم کرنے کی کوشش جاری ہے، انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، وسائل نہ ہونے کے باوجود بھٹو کے دور میں ایٹمی پلانٹ شروع کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس قوم نے ہولناک زلزلے اور سیلاب کی تباہ کاریوں کا مقابلہ کیا اسی قوم نے کھیل کے میدان میں پوری دنیا میں اپنا سر فخر سے بلند کیا اور اس قوم نے مل کر دہشت گردی کو شکست دی۔
شہباز شریف ںے تسلیم کیا کہ کھلے دل سے تسلیم کرتا ہوں کہ نوجوان نسل کو انکا حق نہیں دے سکے لیکن ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا، سابق حکومت نے 48 ارب ڈالر کا خسارہ دیا اور اب وہ ہی لوگ حقیقی آزادی کا نعرہ لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 18-2017 میں ہم پاکستان کو گندم میں خود کفیل چھوڑ کر گئے تھے لیکن پچھلی حکومت کی غفلت کی وجہ سے گندم باہر سے منگوانے پر مجبور ہوگئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ 75 سال سے اس دن کو منایا جا رہا ہے مگر مقاصد کو نہیں منایا گیا۔