Aug ۲۰, ۲۰۲۲ ۱۱:۱۳ Asia/Tehran
  • پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں، امدادی کاروائیاں جاری
    پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں، امدادی کاروائیاں جاری

پاکستان میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال نے تباہی مچا دی ہے۔

اخباری ذرائع کے مطابق پاکستان کے مختلف علاقوں میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ بلوچستان میں آنے والے نئے سیلابی ریلے سے 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ سیلاب سے سڑکوں اور مکانات کو نقصان ہوا اور بہت سے لوگ بے گھر ہوگئے۔

ڈان کی رپورٹ کے مطابق دریائے بولان میں اونچے درجے کا سیلاب آگیا جس سے 24 انچ قطر کی گیس پائپ لائن پانی میں بہہ گئی اور کوئٹہ، پشین، مستونگ، قلات، زیارت اور دوسرے علاقوں کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق کوئٹہ کو دوسرے علاقوں سے ملانے والی چاروں شاہرائیں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بلاک ہیں۔

گلگت بلتستان میں تیز بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ سیلابی پانی سے فصلوں، زرعی زمینوں اور سڑکوں کو بھی شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ بجلی اور انٹرنیٹ کی سہولیات ابھی تک مختلف علاقوں میں معطل ہیں۔

جنگ کے مطابق چترال میں ہوئی موسلادھار بارشوں کے باعث  سات افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے جن میں پانچ افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کی دو افراد کی تلاش اب بھی جاری ہے۔

کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں بارشوں سے ندی نالوں میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جس سے ڈیرہ غازیخان، جام پور، اور راجن پورکے علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں، کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے، مکانات گر گئے ہیں اور لوگوں نے اونچے مقامات پر پناہ لے رکھی ہے جب کہ مختلف ادارے اور تنظیمیں امدادی کاروائیں میں سرگرم ہیں۔

ٹیگس