پاکستانی وزیر اعظم کے فیصلے سے 1کروڑ 71 لاکھ صارفین مستفید ہوں گے
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے بلوں پر لگائے جانے والے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کو ختم کرنے کا اعلان کردیا، جس سے ایک کروڑ 71 لاکھ صارفین مستفید ہوسکیں گے۔
سحر نیوز/ پاکستان: دوحہ میں وفاقی وزرا خواجہ سعد رفیق اور نوید قمر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم مہنگائی کے جن کو مل کر بوتل میں بند کریں، ہمیں آئندہ آنے والے وقتوں میں کامیابی حاصل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ دو معاملات میں آپ سے بات کرنا چاہتا تھا، تاجروں کے حوالے سے فکسڈ ٹیکس لگایا گیا، جس سے چھوٹے تاجر بھی متاثر ہوئے اور پریشانی کا شکار ہوئے، ہماری حکومت کی منشا اور ہدایت تاجروں کی پریشانی نہیں تھی اس لیے نوٹس لے کر کمیٹی قائم کردی جو ذمہ داران کا تعین کرے گی مگر اس میں کچھ وقت لگے گا اور ٹیکس ختم ہوجائے گا۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ تاجروں سے فکسڈ ٹیکس 3 سے 10 ہزار ختم کیا جاچکا ہے، 42 ارب روپے کا نقصان دیگر محصولات سے پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چھوٹے تاجروں کو مشکل میں نہیں ڈال سکتی، البتہ تین ہزار ٹیکس مقرر کرنے کی سفارش ہے تاکہ ایف بی آر کے محصولات اور ہدف کو حاصل کیا جاسکے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ فیول ایڈجسٹمںٹ چارجز ختم کرنے کے حوالے سے وزیر توانائی جلد میکنزم کا اعلان کریں گے۔