Aug ۳۰, ۲۰۲۲ ۰۰:۰۹ Asia/Tehran
  • پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں، 1136 افراد جاں بحق

پورے پاکستان میں سیلاب نے تباہی مچا رکھی ہے جس کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 1136 تک پہنچ گئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں مزید سیلاب کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی موجودہ صورتحال پر رپورٹ کے مطابق بارش اور سیلاب سے متعلق مختلف حادثات میں 1634 افراد زخمی ہیں اور 7 لاکھ 35 ہزار 375 سے زائد مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پورے  پاکستان میں 3 ہزار 451 کلومیٹر سے زائد سڑکیں، 149 پل، 170 دکانیں اور 9 لاکھ 49 ہزار 858 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

خیبرپختونخوا فلڈ سیل کے مطابق نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی سطح میں 41 ہزار کیوسک کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور اب اس مقام سے 2 لاکھ 96 ہزار 731 کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے۔

فلڈ سیل نے بتایا کہ دریائے کابل میں گزشتہ روز نوشہرہ کے مقام پر سیلابی پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 36 ہزار کیوسک سے زائد تھا جبکہ ورسک کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب تھا۔

دوسری جانب دریائے سندھ میں ایک مرتبہ پھر اونچے درجے کا سیلاب ہے البتہ اٹک-خیر آباد کے مقام پر پانی کی سطح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دریائے سوات میں منڈا ہیڈ ورکس پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جہاں سے 40 ہزار 805 کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے۔

ٹیگس