پاکستان میں سیلاب کی تازہ ترین صورتحال
پاکستان میں موسمی بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کا زور ٹوٹ گیا ہے تاہم بعض مقامات پر دریاؤں میں پانی اونچی سطح پر بر قرار ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان میں موسمی بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کا زور ٹوٹ گیا ہے تاہم گڈو بیراج کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ادو میں سپریو بند کے شگاف سے میہڑ اور خیرپور ناتھن شاہ کے اطراف کے دیہات زیرآب آگئے ہیں ۔ رحیم یار خان میں چاچڑاں شریف کے مقام پر دریائے سندھ میں اونچے درجے کا سیلاب ہے اور سات لاکھ پچیس ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔
بلوچستان کےضلع صحبت پور کے مرکزی شہر میں پانی کا منہ زور ریلا داخل ہوگیا ہے۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی سیلاب کا زور ٹوٹ گیا ہے تاہم دریائے کابل میں کئی مقامات پر طغیانی برقرار ہے۔
پاکستان کے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی طرف سے تازہ جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران سیلاب کے نتیجے میں پیش آنے والے مختف حادثات میں مزید پچھتر افراد زندگى کى بازى ہار گئے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ مون سون کی بارشوں کے نتیجے میں پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کو کم سے کم دس ارب ڈالر کا نقصان پہنچا ہے ۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان بھر میں غیر معمولی بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب کے باعث سڑکیں، فصلیں، بنیادی ڈھانچہ اور پل بہہ گئے ہیں، ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور تین کروڑ تیس لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔