Aug ۳۱, ۲۰۲۲ ۱۵:۱۷ Asia/Tehran
  • توہین عدالت کیس میں عمران خان کے جواب پر دکھ کا اظہار

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے توہین عدالت کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے تحریری جواب پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان بدھ کو توہین عدالت کیس میں، اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔
سماعت شروع ہوئی تو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے تحریری جواب سے انہیں ذاتی طور پر دکھ ہوا ہے۔
انھوں نے کہا کہ توہین عدالت کیس کے نوٹس کا جو جواب عمران خان نے جمع کرایا ہے، انہیں اس کی توقع نہیں تھی ۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے کہا کہ وہ سمجھ رہےتھے کہ عمران خان کو اپنی غلطی کا احساس ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جیسے پائے کے لوگوں کو سوچ سمجھ کر بولنا چاہیئے۔
بتایا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے تحریری جواب میں توہین عدالت کی کارروائی کو اختیار سے تجاوز قرار دیا ہے۔ انھوں نے سماعت کرنے والی بینچ پر بھی اعتراض کیا ہے۔
یاد رہے کہ عمران خان نے اپنی ایک تقریر میں ایڈیشنل جج، زیبا چودھری کے لئے مبینہ طور پر دھمکی آمیز الفاظ استعمال کئے تھے جس پر ان کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔

ٹیگس