Sep ۱۰, ۲۰۲۲ ۱۹:۳۰ Asia/Tehran
  • ایران کے راستے عراق جانے والے پاکستانی زائرین کی تعداد اٹھارہ ہزار سے تجاوز کرگئی

اٹھارہ ہزار سے زائد پاکستانی زائرین زمینی راستے سے اسلامی جمہوریہ ایران پہنچے ہیں جنہیں کربلا معلیٰ جانے کے لیے عراقی سرحد کی جانب روانہ کردیا گیا ہے۔

پاکستان کی سرحد سے ملنے والے ایرانی صوبے سیستان و بلوچستان کی اربعین کمیٹی کے سربراہ جواد قنبری نے بتایا ہے کہ تیئیس اگست سے اب تک اٹھارہ ہزار پچانوے پاکستانی زائرین میر جاوہ اور ریمدان سرحد کے راستے ایران میں داخل ہوئے اور کربلائے معلیٰ کی زیارت کے لیے عراق روانہ ہوگئے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ میرجاوہ و ریمدان کی سرحد پر زائرین کی آمد کے پیش نظر بنیادی سہولیات کا انتظام کئی ماہ پہلے کر لیا گیا تھا تاکہ زائرین کو کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے۔ 
دوسری جانب ایران کی انجمن ہلال احمر کے صوبائی عہدیدار علی رضا میر بہاءالدین نے میرجاوہ سرحد پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری پانچ ٹیمیں روزانہ کی بنیادی پر ریمدان اور میرجاوہ سرحد پر پاکستانی زائرین کو خدمات فراہم کر رہی ہیں۔ 
انہوں نے بتایا کہ ہلال احمر کے اکسٹھ رضا کار، دو ایمبولنس گاڑیاں، دو ڈسپینسریاں، دو موٹر سائیکل ایڈ ورکرز اور دو ریسکیو کیمپ، ایران سے پاکستان میں داخل ہونے والے زائرین کی خدمت میں مصروف ہیں۔
علی رضا بہاءالدین نے مزید کہا کہ میرجاوہ اور ریمدان سرحد پر دس دس خیموں پر مشتمل دو عارضی کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں زائرین کو وہاں ٹھہرایا جا سکے۔ 
درایں اثنا عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک دو کروڑ کے قریب زائرین اربعین حسینی میں شرکت کے لیے کربلائے معلی پہنچ چکے ہیں اور ان کی تعداد میں لمحہ بہ لحمہ اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ دو برسوں کی کورونا بندشوں کے بعد اس سال اربعین حسینی ایک خاص جوش و ولولے کے ساتھ منایا جا رہا ہے جس کے پیش نظر عراق اور دنیا کے دیگر ملکوں سے بڑی تعداد میں زائرین کربلا معلی پہنچ رہے ہیں۔ 
ایران کی جانب سے شلمچمہ، چذابہ، خسروی، مہران، باشماق، تمرچین سرحدی گزرگاہیں زائرین کے لئے کھول دی گئی ہیں جہاں سے حکام کے مطابق تقریبا پچاس لاکھ ایرانی و غیر ایرانی زائرین کربلا کی جانب سفر کریں گے۔ 
فی الحال عراق کی جانب جانے والی سرحدی گزرگاہوں کو زائرین کی بڑی تعداد اور عراق کی سرحد کے اندر لازمی سہولتوں کی قلت کے باعث وقتی طور پر بند کردیا گیا ہے۔ 

ٹیگس