Sep ۱۹, ۲۰۲۲ ۱۹:۳۴ Asia/Tehran
  • عمران خان کے خلاف مقدمے سے دہشت گردی کی دفعہ ختم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان کے سابق وزیرِاعظم اور حزب اختلاف کے رہنما عمران خان کے خلاف مقدمے سے دہشت گردی کی دفعہ ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق، اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے یہ حکم سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست کی سماعت کے بعد دیا ہے جس میں انہوں نے دہشت گردی دفعات ختم کرنے کی استدعا کی تھی۔ 
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواست گزار کے وکیل اور پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کے خلاف مقدمے سے دہشت گردی کی دفعہ ختم کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت عالیہ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے سوا دیگر دفعات کے تحت مقدمہ چلے گا۔
پچھلی سماعت میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے استفسار کیا کہ تفتیشی افسر بتائیں کہ عمران خان کے خلاف دہشت گردی کی دفعہ کیسے بنتی ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے قریبی ساتھی شہباز گل کی گرفتاری اور انہیں پولیس کی ریمانڈ میں دیئے جانے کے بعد ایک تقریر میں خاتون جج کے خلاف دھمکی آمیز الفاظ استعمال کئے تھے ۔ اس تقریر پر ان کے خلاف توہین عدالت اور دہشت گردی کے مقدمات قائم کئے گئے۔

ٹیگس