Sep ۲۶, ۲۰۲۲ ۱۲:۲۵ Asia/Tehran
  • حضرت امام رضا علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر پاکستانی زائرین مشہد مقدس میں

حضرت امام رضا علیہ السلام کی شہادت کے مراسم میں شرکت کرنے کیلئے پاکستانی زائرین ایران پہنچ گئے۔

ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے سرحدی علاقے میرجاوہ  کے کمشنر ہاوس کے سیاسی امور کے ڈائریکٹر وحید حسنی نے بتایا ہے کہ 21 ستمبر سے 24 ستمبر تک میرجاوہ بارڈر سے 5 ہزار سے زائد پاکستانی زائرین ایران پہنچ گئے جو حضرت امام رضا علیہ السلام کی شہادت کے مراسم میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یکم محرم الحرام سے اب تک میرجاوہ بارڈر سے 25 ہزار سے زائد پاکستانی زائرین ایران پہنچ  چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عراق کی جانب سے پاکستانی زائرین کو ویزا دینے میں حائل مسائل و مشکلات کی وجہ سے بہت سے زائرین اربعین حسینی میں شرکت کرنے کیلئے کربلا نہ جا سکے اور وہ حضرت امام رضا ع کی شہادت میں شرکت کرنے کیلئے مشہد مقدس روانہ ہوئے۔

وحید حسنی نے بتایا کہ زمینی راستے سے ایران پہنچنے والے پاکستانی زائرین کے لئے تمام سہولتیں فراہم  کی گئی ہیں اور راستے کے ہر شہر میں ان کے آرام و آسایش کا انتظام کیا گیا ہے اورزائرین کی واپسی پر بھی اسی قسم کے انتظامات کئے جائیں گے۔

واضح رہے کہ اربعین حسینی کے موقع پر صوبہ سیستان و بلوچستان کے مختلف شہروں سے لیکر شلمچہ بارڈر تک متعدد موکبوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ کل بروز منگل حضرت امام رضا علیہ السلام کی شہادت کا دن ہے اور اس وقت حرم امام رضا علیہ السلام میں لاکھوں کی تعداد میں زائرین اور عزادار موجود ہیں۔

ٹیگس