Sep ۳۰, ۲۰۲۲ ۱۲:۴۴ Asia/Tehran
  • عمران خان معافی مانگنےکے لئے خاتون جج کی عدالت پہنچ گئے

پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان خاتون جج زیبا چودھری سے معافی مانگنے کے لئے ان کی عدالت پہنچ گئے ۔

اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان جمعے کو خاتون جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چودہری کی عدالت پہنچے تو انہیں معلوم ہوا کہ جج صاحبہ رخصت پر ہیں اور آج عدالت میں نہیں آئیں گی ۔

عمران خان نے عدالت میں داخل ہونے کے بعد وہاں موجود عملے سے کہا کہ وہ جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چودہری سے معافی مانگنے آئے ہیں ۔ جب انھیں بتایا گیا کہ خاتون جج زیبا چودہری آج عدالت نہیں آئیں گی تو انھوں نے عملے سے کہا کہ آپ جج صاحبہ کو بتائیں کہ میں ان سے معافی مانگنے آیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف نے جمعے کو خاتون جج زیبا چودھری کی عدالت میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی حاضری کی ویڈیو ٹوئٹر پیج پر جاری کردی ہے جس میں عمران خان کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ " میڈم زیبا کو بتانا کہ عمران خان آیا تھا ، معذرت کرنے ، ان الفاظ پر اگر ان کی دل آزاری ہوئی ہے تو۔

یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان خاتون جج زیبا چودھری کو دھمکی آمیز بیان دینے پر، اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران معافی مانگ چکے ہیں۔ انھوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو یقین دہانی کرائی تھی کہ آئندہ ایسا نہیں ہوگا اور خاتون جج زیبا چودھری سے بھی معافی مانگنے کے لئے تیار ہیں ۔

ٹیگس