پاکستان، فوج کا آپریشن، 7 دہشت گرد ہلاک
پاکستانی فوج نے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقوں ٹانک اور حسن خیل میں کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں پاکستانی فوج کی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
بیان میں کہا گیا کہ ٹانک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پاکستانی فوج نے کارروائی کی جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد علاقے میں اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھے جن کے قبضے سے ہتھیار بھی برآمد کیے گئے۔
دوسری کارروائی میں لکی مرورت کے علاقے حسن خیل میں دہشت گردوں نے فوجی دستے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں پاکستانی فوج کے 2 جوان جان بقح ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے ہتھیار برآمد کیے گئے اور تمام دہشت گرد سنگین جرائم، سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔
پاکستانی فوج کے مطابق دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں کارروائی جاری ہے۔