پاکستان، ایک اور خفیہ آڈیو سامنے آ گیا
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی پارٹی رہنماؤں کے ساتھ سائفر سے متعلق گفتگو کی ایک اور خفیہ آڈیو سامنے آگئی۔
سحر نیوز/ پاکستان: نامعلوم ہیکر کی جانب سے جاری کی جانے والی آڈیو کو ’سائفر کی اصل کہانی پارٹ تھری‘ کا نام دیا گیا ہے، جس میں عمران خان، اسد عمر اور شیری مزاری کی آپس میں کی جانے والی گفتگو ہے۔
آڈیو میں اسد عمر کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ یہ لیٹر (سائفر) والا کام ہفتہ دس پہلے شروع کر دینا چاہیے تھا۔ جس پر عمران خان نے جواب دیا کہ ’اس لیٹر کا تاثر ساری دنیا میں چلا گیا ہے‘۔
شری مزاری کو آڈیو میں عمران خان اور اسد عمر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سُنا جاسکتا ہے کہ چین نے امریکا کی ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کی مذمت کا سرکاری بیان بھی جاری کیا ہے‘۔
اس پر عمران خان نے انہیں کہا کہ لیٹر کے بارے میں جو ہم نے سوچا ویسا ہی ہوا، ساری دنیا میں اب اس حوالے سے بات ہورہی ہے۔ شیری مزاری نے عمران خان کو بتایا کہ چین کے حکام نے بھی سائفر کی مذمت کردی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے شیری مزاری اور اسد عمر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پبلک ہمارے ساتھ کھڑی ہے،حکمت عملی یہ ہے ایسا پریشر بنے کہ اتوار کو جو ووٹ دینے جائے وہ برانڈڈ اور زندگی بھر کے لیے ہو، لوگوں کے دماغوں میں اس حوالے سے میر جعفر اور میر صادق کا کردار بٹھانا ہے، لوگوں کے ذہن اور گراؤنڈ پہلے ہی بنا ہوا ہے، اس وقت آپ کو بس اُن کے ذہنوں میں بات کو بٹھانا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پی ٹی آئی چیئرمین کی سائفر سے متعلق دو آڈیوز سامنے آچکی ہیں، جن میں سے ایک میں انہوں نے بیرونی مراسلے پر پارٹی رہنماؤں کو کھیلنے کی ہدایت کی جبکہ دوسری میں اپنی مرضی کے منٹس بنانے کی بات کی تھی۔